ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی : احتجاجی طالبات کے خلاف دیگر طالبات نے دیا ایڈیشنل ڈی سی کو میمورنڈم - بی جے پی لیڈر یشپال سوورنا نے دی کھلی دھمکی

اڈپی : احتجاجی طالبات کے خلاف دیگر طالبات نے دیا ایڈیشنل ڈی سی کو میمورنڈم - بی جے پی لیڈر یشپال سوورنا نے دی کھلی دھمکی

Fri, 04 Feb 2022 20:29:18    S.O. News Service

اڈپی،4/ فروری  (ایس او نیوز) اڈپی کالج میں گزشتہ ایک مہینے سے زائد عرصہ سے چل رہے حجاب تنازع نے اب ایک دوسرا رخ اختیار کیا ہے کیونکہ حجاب کے ساتھ کالج میں حاضر رہنے کی اجازت مانگنے والی 6 مسلم طالبات کے خلاف دیگر طالبات کے ایک گروپ نے اڈپی ضلع ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو ایک میمورنڈم دیا ۔

میمورنڈم میں کہا گیا ہے :" ہمارے کالج کا ماحول خراب ہوگیا ہے ۔ فائنل امتحان بالکل قریب ہے ۔ تعلیم کو اہمیت دینے کے بجائے بدنظمی پھیلائی جارہی ہے ۔ صرف 6 طالبات کی وجہ سے 600 طلبہ کا مستقبل دھندلا گیا ہے ۔ کالج کیمپس میں  پولیس اور میڈیا کا آنا جانا معمول بن گیا ہے ۔"

میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے :" ہمارے کالج کی تاریخ کئی دہائیوں پر مبنی ہے ۔ یہاں طلبہ کے ساتھ کسی قسم کا استحصال نہیں ہوتا ۔ صرف 6 طالبات نے مسئلہ کھڑا کیا ہے اور کالج میں پڑھائی کے ماحول کو خراب کردیا ہے ۔ اس معاملہ میں ضلع انتظامیہ کو فوری کارروائی کرنی چاہیے ۔"

بی جے پی لیڈر کی دھمکی :  دوسری طرف کالج انتظامیہ کمیٹی کے نائب صدر اور بی جے پی لیڈر یشپال سوورنا نے حجاب تنازع پر احتجاج کرنے والوں کو کھلی دھمکی دیتے ہوئے کہا :" ہم ہندو تنظیموں کی مدد سے اس معاملہ کو پانچ منٹ میں ختم کر سکتے ہیں ۔" یشپال نے مزید کہا :" یہ طالبات کے مسقبل کا معاملہ ہے ۔ اس کو بھڑکانے میں کیمپس فرنٹ آف انڈیا اور پی ایف آئی کا ہاتھ ہے ۔ 6 مسلم طالبات 900 طلبہ کے مستقبل میں اندھیرا کرنا چاہتی ہیں ۔ ہمیں دوسرے طلبہ کے مستقبل کو نظر میں رکھتے ہوئے فیصلہ کرنا ہے ۔"

یشپال نے یہ بھی کہا : " ہم جانتے ہیں کہ وہ لوگ ہمیں چیلنج کرتے ہوئے بدنظمی پھیلا رہے ہیں ۔ ہمیں پتہ ہے کہ ہندو تنظیموں کی مدد سے کس طرح جواب دینا ہے ۔ یہاں مجھے کالج انتظامیہ کمیٹی کے صرف ایک ذمہ دار نمائندے کی حیثیت سے بات کرنی ہے ۔ ورنہ مجھے ہندو تنظیم کے رکن کی حیثیت سے بات کرنا بھی آتا ہے ۔"


Share: